Sport

PSL 6

پی ایس ایل6 کی یو اے ای منتقلی پرمسائل کے انبار پی سی بی کے منتظرہوں گے۔کراچی میں پی ایس ایل6 کو 14 میچز کے بعد بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی وجہ سے روک دیا گیا تھا، پی سی بی نے یکم جون سے شہرقائد میں ہی بقیہ میچز کرانے کا اعلان کیا ہے، عدم دستیاب کھلاڑیوں کے ری پلیسمنٹ ڈرافٹ بھی ہو گئے، البتہ اب ایونٹ کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔چند روز قبل تمام 6 فرنچائزز نے مشترکہ طور پر پی سی بی کو خط لکھ کر مجوزہ فنانشل ماڈل کے حوالے سے مزید بات چیت کا کہا تھا، ساتھ ہی یہ بھی لکھا تھا کہ کورونا کی وجہ سے سندھ کی صوبائی حکومت ویسے ہی دباؤ کا شکار ہے، لہذا میچز کو کراچی سے یو اے ای منتقل کر دینا چاہیے،پانچویں ایڈیشن کے وقت بھی ایسی ہی تجویز دی گئی تھی جسے مسترد کر دیا گیا تھا۔
منگل کے روز بورڈ نے فرنچائزز کو خط لکھ کر ہفتے یا اتوار کو معاملے پر مزید بات چیت کے لیے ورچوئل میٹنگ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ذرائع کے مطابق گذشتہ روز این سی او سی حکام نے میچز پاکستان سے منتقل کرنے کی تجویز سیاتفاق کر لیا، ٹی وی کریو کو بھی امارات میں میچز کے لیے تیار رہنے کا کہہ دیا گیا ہے،حتمی فیصلے کی صورت میں اسکواڈز کو چارٹرڈ فلائٹ پر لے جایا جائے گا۔
پی ایس ایل کے حوالے سے پی سی بی نے تاحال اماراتی کرکٹ حکام سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے،میچز منتقل کرنے سے اخراجات میں خاصا اضافہ ہو جائے گا، یو اے ای میں پاکستانی شہریوں کے داخلے پر پابندی ہے، ویزے کے حصول میں بھی مشکل ہو گی،رواں برس افغان ٹیم کو اسی وجہ سے اپنے کئی اسٹار کرکٹرز کے بغیر آئرلینڈ سے سیریز کھیلنا پڑی تھی۔
قومی ٹیم کو پی ایس ایل کے فورا بعد انگلینڈ بھی جانا ہے اس لئے شیڈول میں بڑی تبدیلی کرنا ممکن نہ ہوگا،پی سی بی کو اسٹیڈیم کے کرائے کی مد میں ہی کئی کروڑ روپے دینا ہوں گے، ماضی میں یو اے ای میں میچز کی صورت میں ٹکٹوں کی ریونیو شیئرنگ کا معاہدہ تھا مگر اب بغیر شائقین کے میچز میں یہ بھی نہیں ہو سکے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *